سعودی عرب

زید حامد کو مبینہ طور پر سعودی عرب میں 150 کوڑے مارے جا چکے

معروف دفاعی تجزیہ کار زید حامد کو مبینہ طور سعودی عرب میں اب تک 150 کوڑے مارے جا چکے ہیں۔ زید حامد کو سعودی عرب میں سعودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر گرفتار کیا گیا اور مبینہ طور پر 8 سال قید اور 1200 کوڑوں کی سزا سنا دی گئی تھی اور اب پاکستان کی ایک نجی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ زید حامد کو اب تک 150 کوڑے مارے جا چکے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یادرہے کہ زید حامد کو سعودی عرب میں مدعو کرنے والے ان کے میزبان نے حکام سے ان کے دورے اور تقریر کی اجازت نہیں لی تھی اور وہاں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں شریک ہونے والے شخص نے ا ن کی گفتگو کے بارے میں جب حکام کو شکایت کی تو اس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سعودی پولیس نے زید حامد کو مکہ میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ زید حامد کی گرفتاری کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ زید حامد کی گرفتاری پرریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ زید حامد سعودی حکام کی حراست میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کی جانب سے گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد سفارتخانہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں بھی رہا اور زید حامد کو قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ ان کے ساتھ ملاقات کرنے کی کوشش بھی کرتا رہا۔ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے کی کوشش کی بدولت زید حامد کی اہلیہ کی ان کے خاوند سے بات کروائی گئی اور 30جون کو ان کی ملاقات بھی کروائی گئی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button