پلوامہ میں حزب المجاہدین کے پوسٹروں سے سنسنی، حجاب کے اہتمام کی وارننگ
شیعت نیوز۔ پلوامہ مقبوضہ کشمیر کے ایک کئی مضافاتی علاقوں میں حزب المجاہدین کے پوسٹروں سے سنسنی پھیل گئی۔ مساجد اور در و دیواروں پر چسپاں کئے گئے ان پوسٹروں میں منشیات میں حجاب کا اہتمام، منشیات کے کاروبار اور اسکے استعمال پر روک کے علاوہ بیوٹی پالروں کو بند کرنے کی کڑی وارننگ دی گئی ہے۔ پلوامہ سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ قصبہ کے کریم آباد، چاٹہ پورہ، ملک پورہ، ڈانگر پورہ، وچھ بھگ اور دیگر محلہ جات میں حزب المجاہدین کے پوسڑ چسپاں کئے گئے تھے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سننی کا ماحول پیدا ہوا۔ یہ پوسٹر جامع مسجد پلوامہ کے علاوہ مذکورہ علاقوں کی مساجد کے علاوہ بجلی کے کھمبوں اور دیواروں پر لگائے گئے تھے۔ ان پوسٹروں میں ان نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو متنبہ کیا گیا ہے جو چرس، شراب اور دیگر منشیات کا استعمال اور اس کا کاروبار کرتے ہیں اور وہ جلد از جلد اپنی غلطیوں سے توبہ کرکے نماز جمعہ کے موقعہ پر عام معافی کا اعلان کریں۔ ان پوسٹروں میں پلوامہ ضلع کے تمام تعلیمی ادروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں حجاب کا اہتمام کریں اس کے علاوہ ان پوسٹروں میں ضلع میں کام کر رہے بیوٹی پالروں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اپنا کام بند کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ پوسٹروں کی موجودگی سے ان تمام علاقوں میں سنسنی کا ماحول پیدا ہوا ہے اور لوگ اس ضمن میں بحث و مباحثہ کررہے ہیں۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ان پوسٹروں کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور وہ ان پوسٹروں کے حوالے سے مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔