پاکستان

داعش جیسی تنظیمیں اسلام کیخلاف سازش ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

لاہور: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ داعش جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئی ہیں، حقیقی علماء جعلی جہاد کے خلاف آواز اٹھائیں، حکمرانوں نے اقتدار کو دولت سازی کا ذریعہ بنا لیا ہے، بے رحم احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے، سیاست دان اور حکمران سندھ میں رینجرز کے اختیارات کو متنازعہ نہ بنائیں۔ لاہور میں تنظیم المساجد پاکستان کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ چین نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کرکے دوستی کا حق ادا کیا ہے، امن پسندی سچے مسلمان کی شان اور پہچان ہے، کراچی میں دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہنا چاہیئے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم احتساب اور انصاف چاہتی ہے، مشرق وسطٰی کے مسلم ممالک میں خانہ جنگی اسلام دشمن طاقتوں کی سازش ہے، نواز شریف بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہے، قوم نواز مودی ملاقات کے اعلامیہ سے مطمئن نہیں، کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا معاملہ ہے، مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے تعلقات بحال نہیں ہوسکتے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ قوانین کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے عالمی برادری پاکستان کا ساتھ دے۔ نواز شریف کا مودی سے پاکستان میں را کی مداخلت پر بات نہ کرنا افسوسناک ہے، پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات مایوس کن رہی۔ اجلاس میں صاحبزادہ حسین رضا ایڈووکیٹ، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید اور مفتی محمد رمضان جامی نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button