ایرانی عوام، یوم قدس کے مظاہروں میں شرکت کرے
اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل نے ایران کے عوام کو عالمی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیوں میں شرکت کی دعوت دی ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل نے جمعرات کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عالمی یوم القدس، صیہونی حکومت اور سامراج کے مظالم کے خلاف مظلوم قوموں اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی اور طاقت کے مظاہرے کا دن ہے- مجلس خبرگان رہبری کے بیان میں آیا ہے کہ جیسا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے اپنی دور اندیشی سے ہمیں سکھایا ہے کہ عالمی یوم القدس صرف یوم فلسطین نہیں بلکہ یوم اسلام بھی ہے اور آج فلسطینی اہداف کی حمایت ہمارے نظام اور دنیا کے حریت پسندوں کی علامت بن گئی ہے- درایں اثنا ایران کی خواتین رضاکار فورس نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ خواتین رضاکار فورس، غزہ کے مظلوم عوام بالخصوص بچوں اور عورتوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور ان کی حمایت نیز غاصب صیہونی حکومت کے مذموم اقدامات سے نفرت و بیزاری کا اعلان کرتی ہے- ایران کی خواتین رضاکار فورس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ، فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے بڑھتے ہوئے جرائم کے سلسلے میں انسانی حقوق کے حامی اداروں اور عالمی برادری کی شرمناک خاموشی کی مذمت کرتی ہے- حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے سربراہ آیت اللہ مقتدائی نے بھی ایک بیان جاری کر کے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر عوام کو شرکت کی دعوت دی ہے – آیت اللہ مقتدائی نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ملت ایران کی شرکت، مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کا پیغام ہے-