پاکستان

آئی ایس او ملک بھر میں 400 سے زائد مقامات پر القدس ریلیاں نکالے گی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر سرفراز علی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں القدس ریلی کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ماہ صیام کے آخری روز امام خمینی کے حکم پر یوم القدس منانے کا اعلان کیا گیا تو آئی ایس او پاکستان کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ پاکستان میں مستضعفین جہاں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعتہ الوداع کو یوم القدس منانے کا آغاز کیا، تب سے آج تلک آئی ایس او نے ہمیشہ ہر مشکل دور میں بھی یوم القدس کو منایا اور یوم القدس امام خمینی کے حکم پر منا کر ثابت کیا کہ ہم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں اور امام خمینی کے اس نظریہ کو یاد رکھے ہوئے ہیں کہ ہم ہر دور میں مظلومین کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی فلسطین، آزادی بیت المقدس و مسجد بیت المقدس کیلئے خاص الخاص یوم، یوم القدس کا انتخاب انتہائی دور اندیشی پر مبنی ثابت ہوا جس کی وجہ سے پوری اسلامی دنیا کو بلا تفریق زبان و مکان، رنگ و نسل، فکر و فقہ ایک پلیٹ فارم یک جان ہونا نصیب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خدا کی ذات پر مصمم یقین ہے کہ انشا اللہ مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے یہ احتجاجات غزہ کی آزادی کی نوید لائیں گے اور غزہ کا محاصرہ ختم ہو گا یہی روز ایک دن تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا اور بیت المقدس صیہونیوں کے پنجے سے آزاد ہو گا۔ سرفراز علی نے کہا کہ یوم القدس حق و باطل کے درمیان جدائی کا دن ہے 56 ممالک کے ڈیڑھ ارب مسلم جسد واحد کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا شرعی وظیفہ ادا کریں اور مظلومین کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اہمیت و صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے یوم القدس کو اسلام کی نشاط ثانیہ کے لیے سنگ میل کے طور پر منانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تیسری بڑی القدس یعنی حمایت فلسطین ریلی کے انعقاد کروانے کا امتیاز پاکستان کو حاصل ہے اور انشا اللہ یہ اعزاز باقی رہے گا، یوم القدس انشا اللہ روز فتح مبین ہو گا، آئی ایس او پاکستان دنیا میں جہاں بھی مستضعفین ہیں کی حامی اور ظالمین کے خلاف برسرپیکار ہے۔ آئی ایس او ماہ صیام کے رواں عشرہ کو قرآن و القدس کے نام سے مناتے ہوئے انشا اللہ ملک بھر میں 400 سے زائد مقامات پر القدس ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button