یمن

یمن : دہشتگرد تنظیم القاعدہ کا نائب ناصر الوحیشی کی ہلاکت کی تصدیق

عالمی دہشتگرد تنظیم القاعدہ نے یمن میں گذشتہ روز ہونے والے ڈرون حملے میں یمنی نژاد القاعدہ کے دہشتگردؤں کے نائب رہنما ناصر الوحیشی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق عالمی دہشتگرد تنظیم القاعدہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد تنظیم میں دوسرے نمبر پر شمار کیے جانے والے ناصر الوحیشی کی ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاکت کی تصدیق کی۔

ناصر الوحیشی، القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کی زندگی میں ان کے ذاتی سیکریٹری رہ چکے تھے جبکہ 2011ء میں اسامہ کی ہلاکت کے بعد وہ ان کی جگہ لینے والے ایمن الظواہری کے نائب کے طور پر کام کررہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ناصر کی جگہ ان کے نائب قاسم الریمی کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یمنی سیکیورٹی حکام نے کہا تھا کہ یمن کے پورٹ شہر مکلا میں گذشتہ ہفتے ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ الوحیشی 2006ء میں یمنی دارالحکومت کی ایک جیل سے فرار ہونے والے 23 القاعدہ جنگجوؤں میں بھی شامل تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button