یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی بمباری میں دسیوں شہید اور زخمی
یمن کے صوبۂ تعز پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی بمباری میں دسیوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے-
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صوبۂ تعز میں الہشمۃ کے علاقے پر وحشیانہ بمباری کی- اس بمباری میں سات افراد شہید اور دس سے زیادہ زخمی ہوگئے- ایک اور رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی صبح نو بجے کے قریب اس شہر کی ایک سڑک پر میزائیل بھی برسائے جس میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے-عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے اس علاقے کی فضاؤں میں کئی گھنٹے تک پرواز کرنے کے بعد تین میزائل داغے- ادھر اطلاعات ہیں کہ تعز شہر میں متعدد محاذوں پر یمنی فورس (جن میں یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے رضاکار شامل ہیں) اور القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں- یمن کی فوج اور عوامی کمیٹیاں اس شہر میں اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں- اتوار کے دن ہونے والی جھڑپوں میں القاعدہ کے متعدد دھشتگرد ہلاک ہوگئے تھے- ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ کے دو مقامی سرغنہ معاد المشمشہ اور حمزہ العدینی بھی شامل ہیں-