بحرین: ملک بھر میں شیخ علی سلمان کی رہائی کے لئے مظاہرے
بحرین میں جمعیت وفاق ملی کے سربراہ کی رہائی کے لئے جمعے کے روز بھی مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے گئے-
بجرین کے عوام نے جمعے کے دن بھی ملک کے مختلف علاقوں میں شیخ علی سلمان کی حمایت میں مظاہرے کئے- بحرین کے دارالحکومت منامہ کے علاقے المصلی کے عوام نے جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف چلائے جانے والے مقدمے کو ختم اور ان کو فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا- بحرین کے عوام نے ملک بھر میں جلوس نکال کر شیخ علی سلمان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا- مظاہرین نے جمعیت وفاق ملی کے سربراہ کے خلاف چلائے جانے والے مقدمے کو بحرین کی پوری قوم کے خلاف مقدمے سے تعبیر کیا-
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے شیخ علی سلمان کے مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کا وقت قریب آنے کے پیش نظر اس ملک کے عوام ہر روز جلوس نکال کر اس معروف عالم دین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں- دریں اثنا بحرین کے وکیلوں نے شیخ علی سلمان کے خلاف چلائے جانے والے مقدمے کو سیاسی قرار دیا ہے- ان کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں ایک منصفانہ مقدمے کے بین الاقوامی معیارات کا خیال نہیں رکھا گیا ہے- جمعیت وفاق ملی کی سائٹ کے مطابق بحرین کے عوام کا کہنا ہے کہ شیخ علی سلمان کو بری کئے جانے کے سوا عدالت کا کوئی بھی فیصلہ انھیں قبول نہیں ہوگا- بحرینی عوام نے شیخ علی سلمان پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد اور ظالمانہ قرار دیا ہے-