یمن

سعودی عرب کی جارحیت میں یمن کے دو ہزار پانچ سو چوراسی شہری مارے گئے

عالمی ادارۂ صحت نے اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی حملوں میں اب تک دو ہزار پانچ سو سے زیادہ عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں-
عالمی ادارۂ صحت نے جمعے کے دن ایک رپورٹ جاری کی ہے- اس رپورٹ میں یمن میں انسانی صورتحال کو المناک قرار دیا گیا ہے- رپورٹ میں آیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت میں دو ہزار پانچ سو چوراسی افراد جاں بحق اور گیارہ ہزار چھپن افراد زخمی ہوئے ہیں- عالمی ادارۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق پانچ لاکھ سے زیادہ یمنی شہری بے گھر ہو چکے ہیں- رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یمن پر حملے جاری رہنے کی صورت میں انسانی المیہ رونما ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے- دریں اثنا یمنی ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعے کے دن سہ پہر کے وقت یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں ایک بازار پر بمباری کی جس کے باعث گیارہ افراد شہید ہو گئے- المنار ٹی وی چینل نے یمنی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعے کے روز تین مرتبہ صوبۂ صعدہ میں یسنم بازار پر بمباری کی- اس بمباری میں کم از کم گیارہ عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں- واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے چھبیس مارچ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے- سعودی عرب کا مقصد یمن کے مستعفی اور فرار ہو جانے والے سابق صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانا ہے- یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کے نتیجے میں اس ملک کی بہت سی بنیادی تنصیبات، ہسپتال، اسکول اور رہائشی مکانات تباہ ہو چکے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button