یمن

سعودی فوجی چھاؤنی انصاراللہ کے کنٹرول میں

فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے فوج کے ہمراہ سعودی عرب کے سرحدی علاقے عسیر میں عین الحارہ فوجی چھاؤنی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے- یمن کے ایک فوجی ذریعے نے لحج نیوز ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ اس فوجی چھاؤنی میں پینتالیس جنگی ٹینک، پچپن ہیمر بکتر بند گاڑیاں اور چار سو پینسٹھ دور مار میزائل موجود تھے جنہیں یمن کی عوامی انقلابی تحریک اور فوج نے جنگی غنیمت کے طور پر اپنے قبضے میں لے لیا- عین الحارہ فوجی چھاؤنی پر کنٹرول حاصل کرنے کے آپریشن میں پچاس سعودی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ چالیس کو گرفتار کر لیا گیا- واضح رہے کہ سعودی عرب کی آل سعود حکومت سڑسٹھ دنوں سے یمن پر حملے کر رہی ہے اور اس جارحیت میں اس نے اپنے کچھ اتحادیوں کو بھی شامل کر رکھا ہے- آل سعود اور اس کے پٹھوؤں کے حملوں میں اب تک یمن کے ہزاروں بے گناہ عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں- سعودی عرب کے جارح طیاروں نے زیادہ تر یمن کے رہائشی علاقوں پر حملے کئے ہیں جس سے یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں- ارض وحی پر قابض آل سعود کی افواج، یمن کی عوامی انقلابی تحریک اور فوج کے خوف سے اب تک زمیںی حملہ نہیں کرپائی ہیں جبکہ عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ اور یمنی فوج نے دسیوں مرتبہ آل سعود کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جن میں درجنوں سعودی فوجی ہلاک ہوئے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button