دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کی جائے،ثروت اعجاز
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جو مدارس دہشتگردی اور انتہا پسندی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ،دہشتگردی کی مذمت نہ کرنے والے دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں ،طالبان اور داعش ایک سکے کے دورخ ہیں ،ان دونوں کو بیرونی سپورٹ اور فنڈنگ حاصل ہے ، پاکستان کو کمزور کرنے کا خواب دیکھنے والے خود کمزور اور جلد ختم ہوجائیں گے،دہشتگردوں کو ہر حال میں انجام تک پہنچایا جائے ، ضرب عضب آپریشن کی کامیابی سے دہشتگرد اور ان کے سہولت کار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے فوج کے ساتھ ہیں،ایگزیکٹ جعلی ڈگریوں میں ملوث ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروئی عمل میں لائی جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سندھ کے صدر نور احمد قاسمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی اور جرائم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے ،کارکنان عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،علاقائی معززین ،علماء ومشائخ ،دانشوروں سے رابطے تیز کردیں ،پاکستان سنی تحریک کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے ساتھ دہشتگردوں کے ناپاک چہرے وعزائم سے عوام کو آگاہ کریں ،عوامی مسائل حل کرنے کیلئے حکومت ترجیحی طور پر اقدامات کرے،بجلی ،گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کارکن عوام سے رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل حل کرانے کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سنی تحریک عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔