مشرق وسطی

بحرین: ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال پر احتجاج

چودہ فروری سے موسوم بحرینی جوانوں کے اتحاد نے انکشاف کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے فوجی بحرینی مظاہرین کے خلاف ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چودہ فروری کے نام سے موسوم اتحاد نے ایک بیان جاری کرکے آل خلیفہ حکومت کے فوجیوں کے ہاتھوں بحرینی مظاہرین کے خلاف ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کی بربریت بحرین کے عوامی مظاہروں کو نہیں روک سکی ہے اور بحرینی عوام ریفرینڈم کی بنیاد پر نئے سیاسی نظام کا بدستور مطالبہ کررہے ہیں۔ بحرینی مظاہرین کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت بین الاقوامی اصول و قوانین کی خلاف ورزی اور عوام کے خلاف امریکہ اور اسرائیل سے ملنے والے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔ واضح رہے کہ بحرینی فوجیوں نے گزشتہ پیر کو جزیرۂ سترہ میں بحرینی مظاہرین کے خلاف کارتوس استعمال کئے تھے جس سے بہت سے مظاہرین زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے پہلے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں نے بھی بحرینی مظاہرین کی سرکوبی میں بحرینی فوجیوں کے ہاتھوں ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی خبر دی تھی۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی اداروں نے بحرینی انقلابیوں کے خلاف آل خلیفہ کے دربار سے وابستہ فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں زہریلی گیس اور کارتوسوں کے استعمال پر مبنی بارہا رپورٹیں پیش کی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button