ایران

یوم معلم کی مناسبت سے صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کا خطاب

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ گذشتہ صدیوں کے دوران ہمارے دانشوروں اور بزرگوں نیز اسلامی ملکوں نے، بغیر کسی احسان کے مغربی ملکوں کو علم کی دولت سے نوازا ہے-
اسلامی جمہوریہ یران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں یوم معلم کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور یوم معلم کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گذشتہ صدیوں کے دوران ہمارے دانشوروں اور بزرگوں نیز اسلامی ملکوں نے، کسی احسان کے بغیر علم کو مغربی ممالک، منتقل کیا ہے۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ علم اور ٹکنالوجی، اسلام کے ظہور کے وقت سے لے کر، بعد کی کئی صدیوں تک مسلمانوں کے اختیار میں رہی ہے اور صدیوں تک اسلامی ممالک، دنیا کے علمی و سائنسی مراکز بنے رہے ہیں۔ ان عظیم علمی مراکز میں بغداد یونیورسٹی، اہواز کی جندی شاپور میڈیکل سائنس یونیورسٹی، اور اندلس قابل ذکر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مغرب کو ہم نے کتاب دی ہے، ان کے طلباء کو ہم نے علم سے آراستہ کیا ہے، تعلیم دینے کےلئے اپنے اساتذہ کو مغربی ملکوں میں ہم نے بھیجا ہے مگر اس کے باوجود ہم نے علمی اجارہ داری کے بارے میں کبھی نہیں سوچا لیکن مغرب کے پاس جتنی بھی ٹکنالوجی ہے وہ اس پر، اجارہ داری چاہتا ہے اور انہیں اپنے مادی مفادات کی خاطر دوسرے ملکوں کو دیتا ہے۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ مغرب نے سائنس و ٹکنالوجی کو، سائنسی و اقتصادی نیز سیاسی تسلط کے لئے، یرغمال بنا رکھا ہے لیکن ہم مسلمانوں کا اخلاق اور طریقہ، ایسا نہیں تھا اور سبھی ممالک، سائنس وٹکنالوجی سے، مفت اور کسی احسان کے بغیر بہرہ مند ہوتے تھے۔ ہم نے کبھی بھی سائنس و ٹیکنالوجی کو، طاقت یا دباؤ کے ہتھکنڈے میں تبدیل نہیں کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دین کی ترویج اور اسے بیان کرنا آپ کی ذمہ داری ہے اور یہ بھی آپ کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو بہتر طور پر دین سمجھائیں اور دین سے متعلق معلومات فراہم کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button