پاکستان

یمن کا مسئلہ جاری رہا تو خطے پراسکے اثرات پڑیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس

راول پنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، اس موقع پر عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ یمن کا مسئلہ جاری رہا تو اس کے اثراٹت خطے پر بھی مرتب ہوں گے۔

پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت 181ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو (جنرل ہیڈکواٹرز ) راول پنڈی میں ہوئی، کانفرنس میں آرمی چیف نے ملک میں جاری آپریشنز میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں پاک افواج کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خاتمے پر توجہ مرکوز کی جائے، دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے مزید انٹیلی جنس آپریشن کیے جائیں، آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں بھی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں یمن کی صورت حال کاجائزہ بھی لیا گیا، اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال کا تسلسل خطے میں امن کیلئے نقصان دہ ہے، یمن کا مسئلہ جاری رہا تو خطے پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے۔ سماء

متعلقہ مضامین

Back to top button