ایران

آیت اللہ مکارم شیرازی کا سعودی حکام کو انتباہ

قم کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے یمن پر جاری سعودی جارحیت کے خلاف بیان جاری کر کے سعودی حکام کو خبردار کیا ہے کہ مظلوم عوام کا قتل عام کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت دنیا میں یہ عجیب بدعت پیدا ہو گئی ہے کہ ایک ملک کو اگر دوسرے ملک کے حالات اپنے مفاد میں نہیں لگتے تو وہ بغیر کسی جواز کے اس پر حملہ کر دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سامراجی طاقتوں کے کٹھ پتلی اسلامی ممالک دنیا میں بدامنی پھیلائے ہوئے ہیں اور مسلمانوں کے درمیان دھشتگرد ٹولیاں جنم دے کر ایک دوسرے کو ذبح کروا رہے ہیں خود مسلمانوں کے ہاتھوں ان کے ملکوں کو ویران کروا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عجیب بات یہ ہے اسلام کا کھلا دشمن اسرائیل علی الاعلان یمن پر سعودی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے اور تعاون کے لیے تیار ہے لیکن پھر بھی مسلمانوں کو شرم و حیا نہیں آتی۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ اس سے بھی بدتر یہ ہے کہ جب بھی کسی مظلوم ملک پر کوئی جارحیت کرتا ہے تو عالمی سماج تماشائی بنا رہتا ہے اور کوئی بھی مظلوم کی فریاد کو نہیں پہنچتا۔
انہوں نے کہا اقوام متحدہ تو صرف نام نہاد ادارہ ہے اور اس میں اب اتنی بھی طاقت نہیں رہ گئی ہے کہ وہ اس طرح کی ناجائز اور غیر قانونی کاروائیوں کی مذمت بھی کر سکے۔
دنیائے تشیع کے مرجع تقلید نے اپنے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ سعودی حکام جان لیں کہ اگر یمن پر جارحیت کو نہ روکا اور جنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا تو دونوں ملک ویران ہو کر رہ جائیں گے۔لہذا وہ اپنے منصوبہ پر تجدید نظر کریں اور اس جارحیت کا سلسلہ جلد از جلد روک دیں

متعلقہ مضامین

Back to top button