پاکستان

حکمران قوم کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی دھوکہ دے رہے ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جنوبی پنجاب کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے، بصارت سے محروم افراد کے مطالبات آئینی و قانونی ہیں، خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں، سٹیٹس کو کی پیداوار حکمران کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے، جب تک اس فرسودہ نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا معذور تو کجا عام افراد کا جینا بھی مشکل رہے گا، حکمران طبقہ دولت کے نشے میں مست ہے، ملک کے مقدس ایوان بالا کے ممبر بننے کے لئے کروڑوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، کیا ایسا رکن کبھی عوام کے لئے کام کرے گا جو دولت کے بل بوتے پر ایوان میں پہنچا ہو۔؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی پوری طاقت کے ساتھ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو ایک صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے، اس کا اصل مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں اور ہمیں خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت یہ دہشت گرد گروہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ رونما کرسکتے ہیں، جنوبی پنجاب میں داعش کی وال چاکنگ اور کالعدم جماعتوں کے دہشت گردوں کی آزادانہ نقل و حرکت اس بات کی دلیل ہے کہ پنجاب میں ان کو مکمل آزادی ہے، نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق صرف دہشت گرد مخالف قوتوں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی دھوکہ دے رہے ہیں، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلٰی پنجاب بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں اور باہر آکر رانا ثناء اللہ کو کہتے ہیں کچھ بھی نہیں ہوگا، حکمرانوں کے دوہرے معیار سے عوام آگاہ ہیں اور مزید ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button