پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

05 فروری, 2015 00:00

بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان میں عام تعطیل ہے جب کہ سیاسی جماعتوں، سماجی اداروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور  بھارتی مظالم کے خلاف جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لئے مختلف سیمینار  بھی منعقد کئے جا رہے ہیں جب کہ کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی رنجیر بھی بنائی گئی جس کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرنا اور عالمی دنیا کو واضح پیغام دینا تھا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر  مقبوضہ کمشیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جب کہ لندن میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل میں کردار ادا کرے اور کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مسئلہ کمشیر کے منصفانہ حل سے ہی خطے میں پائیدار امن ممکن ہوگا، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، وہ ون دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کر لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے لئے لا زوال قربانیاں دے رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 5 فروری کو  یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے جس کا مقصد اقوام عالم کی توجہ جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرانا اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرنا ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں آزادی کی تحریک کے بعد سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید جب کہ سیکڑوں خواتین کی عصمت دری کرچکی ہے۔

6:43 شام اپریل 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔