پاکستان

نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیئے، علامہ مرزا یوسف حسین

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت گلستان جوہر میں شہداء کیلئے منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور مساجد و امام بارگاہوں پر حملے کرنیوالے قومی مجرم ہیں، حکومت سندھ ایسے دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی کرے کیونکہ اس وقت کراچی اور سندھ کے تمام اضلاع میں دہشت گرد سرگرم عمل ہیں، اگر ان پر نگاہ نہ رکھی گئی تو شکار پور جیسے واقعات کی روک تھام کرنا ناممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ جاگ جائیں اور عوام کی طرف نگاہ کرم کریں۔ اس موقع پر علامہ اظہر حسین نقوی، سید علی اوسط، صغیر عابد، سہیل مرزا، رضی حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکمران افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑیں اور ایسے مدارس اور مراکز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے جہاں سے دہشت گرد تیار اور ان کی تربیت کی جاتی ہے۔ بعد ازاں سانحہ پشاور، راولپنڈی اور سانحہ شکار پور کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button