سعد ایدھی وطن واپس پہنچ گئے، اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد شاندار استقبال
شیعیت نیوز : غزہ امدادی قافلے “صمود فلوٹیلا” میں شامل سعد ایدھی اسرائیلی فوج کی حراست سے رہا ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں ان کی اہلیہ اور کم سن بیٹی بھی موجود تھیں۔
سعد ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا سفر 14 مئی کو شروع ہوا تھا اور غزہ سے 200 ناٹیکل میل دور بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی فوج نے انہیں گرفتار کر لیا۔ قافلے میں 180 افراد شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز کا مسئلہ 14 نکاتی ایجنڈے میں زیر بحث موضوعات میں سے ایک ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حراست میں دو راتیں بحری جہاز پر گزاریں۔ 35 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کا سلوک کیا گیا۔ قید کے دوران صرف ڈبل روٹی اور پانی دیا جاتا تھا۔ ان پر شدید تشدد کیا گیا، لیزر لائٹس ماری گئیں تاکہ سو نہ سکیں اور قید خانے کے فرش پر پانی ڈال دیا جاتا تھا۔
سعد ایدھی نے کہا کہ غیر امریکی اور غیر یورپی پاسپورٹ رکھنے والوں پر زیادہ تشدد کیا جاتا تھا۔ انہوں نے اسرائیلی اہلکاروں پر الزام لگایا کہ وہ گھنٹوں گھٹنوں کے بل بٹھا کر مارتے تھے۔ ان کا مشن غیر مسلح امدادی قافلہ تھا جس کا مقصد بھوکے فلسطینیوں تک خوراک اور ادویات پہنچانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امدادی سامان ضائع کر دیا گیا مگر وہ فلسطین کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے اور حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ فلسطین کے مسئلے کے حل میں فعال کردار ادا کرے۔







