الطاف حسین کا جامعہ حفصہ کی طالبات کو بازیاب کرانے کا مطالبہ

شیعت نیوز:متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لال مسجد اسلام آباد کے خطیب طالبان کے حمایتی مولوی عبدالعزیز کی سرپرستی میں چلنے والے جامعہ حفصہ کی مظلوم بچیوں کو بازیاب کرا کر ان کے والدین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر ديا۔ اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کيا کہ جامعہ حفصہ ميں والدین سے ملاقات کی اجازت مانگنے پر مظلوم بچیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ متاثرہ بچیوں اور ان کے والدین کے نام ایم کیو ایم کے پاس محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ حفصہ کی مظلوم بچیوں کے والدین اپنی بچیوں سے ملنے کیلئے تڑپ رہے ہیں، مقتدر حضرات ملک و قوم کی خدمت کے ساتھ فوری طور پر یہ مسئلہ بھی حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔






