عزاداری امام حسین (ع) پر حملہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر حملہ ہے، علامہ امین شہیدی

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کراچی میں عائشہ منزل کے قریب اسلامک ریسرچ سینٹر میں امام بارگاہ سیدالشہداء کے باہر عزاداران پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام دشمن اور دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا۔وحدت ہاؤس اسلام آبادسے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں 9 ماہ کی معصوم بچی بتول عزاداری کی عظمت پر قربان ہوگئی لیکن انسانیت دشمن دہشت گردوں کو بے نقاب بھی کرگئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سوگواروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمدعلی جناح اور نظریہ ساز مفکر علامہ اقبال بھی امام حسین ؑ کے عزادار تھے اور عزاداری پر حملہ اسلامی روایات ہی نہیں بلکہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر بھی حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت عزاداری امام حسین ؑ سے قائم ہے۔ مجالس و جلوس عزاء پر حملے کرنے والے یزیدیت کے پیروکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کی سیرت ہی حقیقی دین ہے پوری دنیامیں اسلام کا چہرہ مسخ کرنے والے یزیدی پیروکار ہیں محرم الحرام کا مقدس مہینہ اتحاد امت اور ظلم کے خلاف آواز حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے ،الحمد للہ آج پوری دنیا میں عزاداری سید الشہدا ء ؑ بڑی عقیدت سے منائی جاتی ہے۔








