پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی نیئر بخاری سے ملاقات، آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز
علامہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، سینیٹر علامہ ناصر عباس اور سینیٹر ذیشان اخونزادہ نے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری سے ملاقات کی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اپوزیشن کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کی تجویز پیش کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ برقرار ہے، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ رہیں گے اور انہیں بانی پی ٹی آئی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور صوبائی خود مختاری آئین کے مطابق ہونی چاہیے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کا اسلام آباد مارچ 4 اکتوبر تک موخر کر دیا ہے، جس کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی اور زیرِ حراست سیاسی کارکنوں کی رہائی شامل ہے۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم نے اے پی سی کے حوالے سے تجاویز پیپلز پارٹی کے سامنے رکھی ہیں اور ایک دو دن میں مثبت جواب کی توقع ہے۔ ملک، سکیورٹی اور سیاسی استحکام کے لیے سب کا مل بیٹھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او جنوبی پنجاب کے وفد کی علامہ کاشف ظہور نقوی سے ملاقات، سالانہ کنونشن میں شرکت کی دعوت
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ اپوزیشن نے آل پارٹیز کانفرنس کی جو تجویز دی ہے، وہ ایک جمہوری عمل ہے۔ جب بحران جنم لیتے ہیں تو سیاسی جماعتیں مل کر بیٹھتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پیغام بلاول بھٹو زرداری تک پہنچایا جائے گا اور ان کے مؤقف سے وفد کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر سینیٹر علامہ ناصر عباس نے ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے، چاروں طرف ناامیدی پھیل چکی ہے، اس لیے ان حالات میں سب کو مل بیٹھنے کی اشد ضرورت ہے۔







