شیعان علی ؑ کو فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کی سزا دی جارہی ہے۔آئی ایس او
کراچی میںجاری شیعہ نسل کشی کو نہ روکا گیا تو پاکستان بھر میں یوم علی ؑ کے جلوسوں کو دھرنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار علامہ احمد اقبال ، علی رضوی اور علامہ کاظم عباس نے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے تحت پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب میں کیا ۔آئی ایس او پاکستان کی مرکزی نظارت کے رکن علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر شیعہ افراد کو امریکی اور اسرائیلی ایماء پر شہید کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ شیعان علی ؑ کو فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کی سزا دی جارہی ہے ، دشمن یہ جان لے کہ ہم ان بزدلانہ کاروائیوں سے ہرگز نہیں ڈریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او کے سابق صدور کو چن چن کر مارا جا رہا ، حکومت اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔شہید عدیل عباس اور شہیدحیدر عباس کی شہادت کے بعد دیگر کارکنان کو بھی قتل کی دھمکیا ں دی جا رہی ہیں ، پولیس اور رینجرز خاموش تماشائی بنے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب میں علامہ کاظم عباس کا کہنا تھا کہ کراچی میں شیعان علیؑ کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر کراچی میں شیعان علیؑ کی نسل کشی کو نہ روکا گیا تو پاکستان بھر میں یوم علیؑ کو نکلنے والے جلوسوں کو احتجاجی دھرنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے علی رضوی کا کہنا تھاکہ کارکنان کی شہادتوں سے ڈر کر غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت ترک نہیں کرسکتے ۔ اسرائیلی ایماء پر یوم القدس کی ریلیوں سے ہرگز دست بردارنہیں ہوں گے۔ علی رضوی نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے ہمارے کارکنان کے قتل عام کو اگر نہیں روک سکے تو پھر آنے والے دنوں میں وہ خود سنگین نتائج کے ذمہ دار ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او PIBکالونی کو فوری معطل کیا جائے اور اس کے خلاف کاروائی کی جائے ۔