آزادی صحافت کے حامی ہیں، آئے روز مختلف چینلز کی بندش تشویشناک ہے، شیعہ علماء کونسل

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے جیو بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے حامی ہیں، صحافی برادری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ضابطہ اخلاق مرتب کرے تاکہ غلط فہمیاں ختم ہو سکیں، آئے روز مختلف چینلز کی بندش تشویش ناک ہے، حکومت مثبت تنقید برداشت کرے کیونکہ آزاد میڈیا ملک میں مستحکم جمہوریت و توانا پاکستان کے لئے ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ قوم کے سامنے حقائق لائے جائیں اور سچ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا بھی پسے ہوئے طبقات، مظلوم عوام کی آواز ذمہ داران تک پہنچانے کا فریضہ انجام دے رہا ہے جبکہ دوسری پاکستان کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈہ کا بھی موثر جواب دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا وار کا ہے اس لئے حکومت کو چاہیئے کہ وہ مثبت اور تعمیری تنقید برداشت کرے اور میڈیا کے لئے آسانیاں پیدا کرے۔ آئے روز مختلف ٹی وی چینلز کی بندش تشویشناک ہے جبکہ میڈیا کو بھی اب ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور اس کے ذمہ داران کو چاہیئے کہ وہ ایک ضابطہ اخلاق فی الفور مرتب کریں اور اس پر عملدرآمد کرائیں تاکہ غلط فہمیوں کا بھی تدارک ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادی اظہار کے قائل ہیں لیکن چاہتے ہیں اظہار رائے ملکی اقدار، اسلامی روایات کے مطابق ہوں اور ایسا کوئی بھی پروگرام نہ دکھایا جائے جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔








