مسلم لیگ (ن) حق حکمرانی کھو چکی ہے، عوام کی طاقت سے حکومت کو برطرف کرینگے، علامہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین نے لاہور میں عوامی تحریک کے کارکنوں پر پولیس حملے اور معصوم افراد کو قتل کرنے کے خلاف کل یوم عزا اور سوگ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ علامہ ناصر عباس کہتے ہیں وزیراعلٰی پنجاب لاہور واقعہ پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، وزیر اعظم، وزیراعلٰی اور وزیر قانون پنجاب سانحہ کے ذمہ دار ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پنجاب پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے عوامی تحریک کے نہتے عوام پر ظلم کیا اور انہیں شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کی حمایت کرنے کی سزا دی، لاہور سانحہ کے غم میں طاہری القادری کے ساتھ ہیں، منہاج القران کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حق حکمرانی کھو چکی ہے، عوام کی طاقت سے حکومت کو برطرف کرینگے، ہماری تحریک کے پیچھے شہداء کا خون ہے، طاہر القادری کی تحریک کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب نے منصوبہ بندی کے تحت معصوم افراد کا قتل عام کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن پر حکومت افسردہ ہے اس لئے معصوم عوام پر ظلم کر کے آپریشن کا بدلہ لینے کی کوشش کی گئی، اہل تشیع منہاج القرآن کے مظلوم کارکنان کا ساتھ دیتے ہوئے ان کے حق میں آواز بلند کرنے کے لئے گھروں سے نکلیں گے، عوامی تحریک کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ فوری طور پر عبوری حکومت قائم کر کے ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔