ڈی آئی خان، دہشتگرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، مقررین
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے حاجی مورہ امام بارگاہ میں سانحہ نجف آباد میں شہید ہونیوالے خاندان ماسٹر محمد یونس، ان کی اہلیہ، بیٹے اور بیٹی کی چوتھی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے شہید خانوادے کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس موقع پر قرآن خوانی بھی کی گئی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا قربانی کی عظیم مثال ہے اور حسین ابن علی علیہ السلام نے باطل کو للکار کر کہا تھا کہ مجھ جیسا کبھی بھی تجھ جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔ یہ جملہ ہمیشہ کے لیے یزیدیت کے سامنے حسینیت کے قیام کا اعلان ہے۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر پھیلائے جانیوالے خلفشار کی سازشوں کو ہر حال میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ جلسہ عام سے علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ ناصر حسین حیدری سمیت دیگر علماء نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان خلفشار پھیلانے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں ہو رہی ہیں۔ مسلمانوں کو اتحاد کے ذریعے دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کا خاتمہ اور امن ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔