پاکستان

اسلامی تشخص کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دینگے، ثروت قادری

sarwetسربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسلام کے تشخص کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، بے حیائی، فحاشی اور اسلامی اقدار کے منافی پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے، آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں مگر آزادی صحافت کے نام پر حد سے تجاوز کو برداشت نہیں کریں گے، کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے میڈیا پر قانون کے تحت عمل نہیں کیا جا رہا ، دہشت گرد قوتوں کو میڈیا پر ہیرو بنا کر ٹاک شو کے پروگرام میں بٹھایا جا رہا ہے جو سراسر پیمرا کے ضابطہ اخلاق اور آئین کے منافی ہے، جیو کے ایشو پر علمائے اہلسنت جو بھی لائن دیں گے سنی تحریک لبیک کہے گی، دفاع پاکستان پاک فوج زندہ باد ریلی کی بھرپور کامیابی پر محب وطن قوتوں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ریلی کو سیکورٹی فراہم کرنے پر ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مشکور ہیں، اہلسنت ملک کے محب وطن اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اب کسی نے ملک اور ملکی سلامتی کے اداروں کے بارے لب کشائی کی تو سنی تحریک کے کارکن خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفاع پاکستان پاک فوج زندہ باد ریلی کی کامیابی کے بعد مرکز اہلسنت پر کارکنان کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے مگر جمہوریت کے دعویداروں نے عوام کے حقوق کو پامال کیا ہوا ہے جو جمہوری قدروں کے منافی ہے، حکومت جمہوری طرز پر رہتے ہوئے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے، دہشت گرد ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں ان کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button