پاکستان

امریکی و سعودی مداخلت نے ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

rajanasir isl11 مئی ملکی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے، جس دن جمہوریت کے نام پر موجودہ حکمران مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر قابض ہوئے، نواز شریف نے ایک سال کے دور حکومت میں ملک کو مذاکرات کے نام پر طالبان کے حوالے کردیا ہے، وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی امریکی و سعودی مداخلت نے ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پاک فوج ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے 11 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے فیض آباد انٹر چینج پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری، علامہ اکبر کاظمی، ملک اقرار حسین سمیت دیگر نے بھی مرکزی مظاہرے سے خطاب کیا۔ رہنماؤں نے طالبان سے مذاکرات اور امریکی و سعودی مداخلت کو ملک کی عوام کے لئے زہر قاتل قرار دیا۔ اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا موجودہ حکومت انتظامی امور کے ہر شعبے میں ناکام ہے، موجودہ حکمران توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے نعرے کو بنیاد بنا کر اقتدار میں آئے تھے لیکن آج توانائی کا بحران بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ستم بالائے ستم یہ کہ توانائی بحران کے حل کی واحد اْمید پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی ملک دشمن عالمی طاقتوں کے دباؤ میں آ کر پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر پورے ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی ہے، تاریخ میں پہلی بار پاکستانی شہریوں پر عالمی سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ اْن کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، امریکہ اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ملکوں کی دہشت گردانہ خارجہ پالیسی کی بےجا حمایت کی وجہ سے پاکستان عالمی سفارتی تنہائی کا شکار ہو گیا ہے، اداروں کے درمیان تصادم کی فضا ہے جبکہ خود حکومتی صفوں میں گروہ بندی عروج پر ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک کے محروم علاقے بدترین تنہائی کا شکار ہیں جبکہ ریاستی کنٹرول ملک میں کہیں نظر نہیں آتا، اقتدار ایک گھر کے اندر تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ لیپ ٹاپ سکیم اور یوتھ فیسٹول کے نام پر کرپشن اور سیاسی رشوت کا بازار گرم ہے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں شیعہ نسل کشی میں اضافہ اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ میاں صاحبان نے کالعدم جماعتوں کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے، پاک فوج ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خودکشیوں کی شرح بلند ترین سطح پر ہے، جو عوام کی ناگفتہ بہ حالت کی عکاس ہے، ایسے حالات میں کوئی بھی محب وطن خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے ایک سال میں سوائے دلاسوں اور جھوٹے وعدوں کے کچھ نہیں دیا، ایسے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، جو مظاہرے اور دھرنے کے سوا کوئی اور زبان سمجھتے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنا حق لینے کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حکمران نااہل ہیں، انہیں فوری طور پر اقتدار چھوڑ دینا چاہیئے۔ مظاہرے میں خواتین و بچوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے الیکشن کمیشن اور نواز حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button