پاکستان

امریکی ڈالروں سے تیار کی گئی جہادی تنظیمیں آج ملک کیلئے عذاب بن چکی ہیں، فیصل رضا عابدی

faisal456وائس آف شہداء پاکستان کے سربراہ، سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات شیطان سے مذاکرات کے مترادف ہیں۔ کسی دہشتگرد کو سزا نہ ملنا عدلیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ 60 ہزار پاکستانیوں کے بے رحم قاتلوں کی حمایت کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ افواج پاکستان کے خلاف مہم میں وزیر دفاع کا سب سے آگے ہونا افسوس ناک ہے۔ ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے ریاست اور آئین کے باغیوں کے خلاف ملک گیر آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔ امریکی ڈالروں سے تیار کی گئی جہادی تنظیمیں آج ملک کے لیے عذاب بن چکی ہیں۔ شہداء کے ورثاء کے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے۔ 60 ہزار شہداء کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بیویوں کے آنسو حکمرانوں کو کیوں دیکھائی نہیں دیتے، شہداء کی لاشوں پر سودے بازی کی گئی تو حکمران میر جعفر اور میر صادق کی صف میں کھڑے ہونگے۔ دہشتگردی کے خلاف جہاد میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشتگردوں اور انکے حامیوں کی ناز برداریوں سے باز آجائے۔ حقیقی اہلسنت والجماعت صوفیاء کے ماننے والے اور یارسول اللہﷺ کہنے والے ہیں۔ خودکش بمباروں کی خرید و فروخت کرنے والے انسانیت پر رحم کریں۔ آئین شکنی پر پرویز مشرف پر مقدمہ چلانا اور آئین کے باغیوں سے مذاکرات کھلا تضاد ہے۔ بلوچستان میں عالمی طاقتیں مکروہ کھیل کھیل رہی ہیں۔ حکومت قائد اعظم کا ساتھ دینے والے اہلسنّت کو دیوار کے ساتھ اور قائد اعظم کو کافر اعظم قرار دینے والوں کو گلے سے لگا رہی ہے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن میاں عتیق نے کہا کہ مذاکرات دہشتگردوں کیلئے طاقت کا انجکشن ثابت ہوئے ہیں۔ سفاک قاتلوں سے مفاہمت نہیں مزاحمت کرنا ہوگی۔ سعودی عرب سے ڈالر لیکر کرایہ کے قاتل کا کردار ادا کرنا المیہ ہوگا۔ "فتنہ انکار آئین” کو کچلا نہ گیا تو ملک میں مزید بغاوتیں اور فساد پھیلے گا۔ طالبان امریکہ نہیں پاکستان کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے طالبانائزیشن کے خلاف جرأتمندانہ کردار ادا کیا۔ علمائے حق قتلِ ناحق کے خلاف زور دار آواز اٹھائیں۔ عدلیہ کو لاپتہ افراد کی فکر ہے لیکن 60 ہزار شہداء کے ورثاء کی فکر نہیں ہے۔ مخصوص مکتبہ فکر کے مدارس دہشتگردوں کی پناہ گاہیں بن چکے ہیں۔ بےحس حکمرانوں کو عوام کی اذیت اور ذلت کا احساس نہیں۔ ظالمانہ استحصالی نظام ختم کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن پیر خالد سلطان قادری نے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی وجہ سے انسانیت کا لہو بہہ رہا ہے۔ را، موساد اور سی آئی اے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ دھاندلی سے بننے والے حکمران عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے۔ حکومت نے قوم کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ کانفرنس سے جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر پیر محمد اقبال چشتی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما میاں فہیم اختر، ملک بخش الہی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، ارشد جاوید مصطفائی، صاحبزادہ مطلوب رضا، مفتی محمد یونس رضوی، علامہ حامد سرفراز، صاحبزادہ حمید الدین رضوی، پیر میاں غلام مصطفٰی، پیر طارق ولی چشتی، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، علامہ فاروق سلطان، حافظ فدا حسین، سیف سیالوی، مفتی محمد رمضان جامی، شاہد علی شاہ، رانا عمران سلطان، قاری امین، خرم شہزاد مصطفائی، ملک رضوان اور محمد اسد رضوی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button