سعودی عرب سے ملنے والی رقم غیر مشروط تحفہ ہے، شہباز شریف
وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو ڈیڑہ ارب ڈالر تحفے میں دیئے اور اس کے بدلے ہم سے کسی قسم کا تقاضا نہیں کیا گیا۔ چنیوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ٗ2008ء میں جب ہم سعودی عرب سے واپس آئے تو پنجاب کے عوام نے آنکھں بند کرکے نواز شریف کو ووٹ دیئے، پنجاب میں حکومت بنائی تو چنیوٹ میں رجوعہ منصوبے پر کرپشن کا کیس سامنے آیا کہ پرویز مشرف اور چوہدری پرویز الہی نے مل کر امریکہ میں ایک گمنام پاکستانی کمپنی کو بغیر کسی ٹینڈر کے یہ منصوبہ دے دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ رجوعہ میں لوہے کا بڑا ذخیرہ موجود ہے، جسے ایک ماہ میں تلاش کریں گے، مجھے امید ہے رجوعہ میں لوہے کے علاوہ گیس اور پیٹرولیم کے بھی اربوں ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، جس سے پاکستان اتنی ترقی کرے گا کہ اسے کسی دوسرے ملک سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔