پاکستان

ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کا سعودیہ اور بحرین کی پاکستان معاملات میں مداخلت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

protest islambadسعودیہ اور بحرین کی پاکستانی معاملات میں براہ راست مداخلت خطے سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس سے نہ صرف دنیا کے امن و سکون کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ پاکستان کی سلامتی بھی خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ امریکی و سعودی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جو سودا بازی کرنے آئے ہیں پاکستان اس کا کسی صورت بھی متحمل نہیں ہو سکتا۔ شام کے معاملات میں پاکستان کو زبردستی فریق بنانے کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آل سعود نے ہمیشہ دین کی آڑ میں امت مسلمہ کی عزت و عظمت کو پامال کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر عباس نقوی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماء نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بحرین کے ڈکٹیٹر شاہ حمد بن عیسیٰ کی پاکستان آمد اور مبینہ خفیہ فوجی معاہدے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت جس نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اس کی بنیادی وجہ بیرونی مداخلت ہے۔ یہ مسلمان نما صیہونی ایجنٹ ذاتی مفاد کی تکمیل کے لیے امت مسلمہ کے مفادات کے منافی سرگرمیوں میں مشغول ہیں اور ہر مسلم ملک کی خودمختاری کے لیے خطرے کی علامت ہیں۔ پاکستان کی سالمیت و بقاء روز ازل سے ان کی آنکھ کا کانٹا بنی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کو خارجہ پالیسی طے کرتے وقت داخلی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دانشمندانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔ چند ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی کو گروی رکھ دینا سراسر ناانصافی اور ارض پاک کے ساتھ غداری ہے۔ پاکستانی قوم کسی بھی ایسے فیصلے کو قطعی تسلیم نہیں کرے گی جس سے ہماری خودمختاری پر آنچ آتی ہو یا دہشت گردی کو فروغ ملتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں نے ملک و قوم کا سکون تباہ کر رکھا ہے۔ انہیں مراعات دینا کہاں کی منصفی ہے۔ انصاف کا تقاضا تو یہ ہے کہ انہیں سخت اور عبرتناک سزائیں دی جائیں لیکن حکومت سعودیہ کی ایماء پر ان سے مذاکرات چاہتی ہے۔ ہم کسی صورت سعودیہ اور بحرین کی مداخلت برداشت نہیں کرینگے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button