پاکستان

کالعدم تنظیموں کے بیانات نشر کرنے پرپابندی ہے،پیمرا

p1اسلام آباد(طاہر خلیل)پیمرا نے پارلیمانی کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں اور ملک دشمن عناصر کے بیانات نشر کرنے پر پابندی ہے۔ اسی طرح عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف کوئی بات نشر نہیں ہو سکتی۔ چینلز پر بے حیائی اور فحاشی کے مناظر بھی نہیں دکھائے جا سکتے۔ مذہبی اور لسانی تعصبات کے ٹاک شوز بھی نہیں ہوسکتے ۔ پیمرا وقتاًفوقتاً گائیڈ لائنز ،سرکلرز ،ایڈوائس اور وارننگ کے ذریعے اپنے تمام لائسنس یا فتگان کو آگاہ کرتا رہتا ہے ۔ پیمرا کو الیکٹرانک میڈیا والوں نے بتایا کہ مذکورہ گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے لیے ہر ادارے نے اپنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ برس بے حیائی کے مناظر دکھانے پر دو نجی چینلز (جلوہ اور8xm)کو باور کرایا گیا ہے کہ وہ قومی ذمہ داری کے تحت ملکی مفاد میں قومی سلامتی خود مختاری کا تحفظ کریں۔ پیر کو قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس عارفہ خالد پرویز کی زیر صدارت ہوا۔ طاہر اقبال چوہدری اور نعیمہ کشور خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا کے لیے مجوزہ ضابطہ اخلاق پر غور کیا گیا پارلیمانی کمیٹی نے ہدایت کی کہ پیمرا ضابطہ اخلاق کی تیاری کے لیے پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے)سے سفارشات حاصل کرے۔ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں جو پندرہ اپریل کو ہو گا پی بی اے کی سفارشات کے ساتھ ضابطہ اخلاق کا مسودہ غورکےلیے پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button