پاکستان

امریکی، اسرائیلی اور بھارت ایجنٹوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، طارق محبوب

امریکی، اسرائیلی اور بھارت ایجنٹوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، طارق محبوبشیعت نیوز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کے حقیقی تشخص کو بچانا اور قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ اقبال کے ملک کا تحفظ اور استحکام وقت کی ضرورت ہے، جس کیلئے انتہا پسندی، دہشتگردی اور فتنہ انگیزی کے سیلاب کو روکنا ہوگا، 23 مارچ کو کراچی میں دہشتگردی کے خلاف ہونے والی تحفظ پاکستان کانفرنس قیام پاکستان کی تحریک و جدوجہد کی یاد تازہ کر دے گی، اس کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے قائد و چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر علماء کرام و مشائخ عظام خطاب کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے سہ روزہ دورے کے بعد فیصل آباد سے کراچی پہنچنے پر جناح ٹرمینل کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے آنے والے علماء، رہنماﺅں، کارکنوں سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ فیصل عزیزی، علامہ محمد اشرف گورمانی، مولانا سید بلال شاہ، اے این آئی پاکستان سندھ کے رہنما مبشر علی قادری، اے این آئی کراچی کے کنوینر مسعود عوالم اور دیگر بھی موجود تھے۔

طارق محبوب نے کہا کہ اب قوم کو دہشتگردی، خودکش حملوں اور بم دھماکوں کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے اسلامی اور قومی سوچ کے ساتھ ساتھ عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے قاتلوں کے خلاف آپریشن پوری قوم کا مطالبہ بن چکا ہے، حکومت مصلحت پسندی کے جھانسے سے نہ نکلی تو اب ہونے والے جانی نقصانات کی ذمہ داری بھی موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔ طارق محبوب نے مزید کہا کہ شدت پسندوں کی جانب سے بلیک میلنگ سے نکل کر قومی تقاضوں کے مطابق فیصلے کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے ملک کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور حکومت صرف قومی سلامتی پالیسی کے اعلان، دعوے، وعدے، اعلانات اور مذاکرات کے گرد گھوم رہی ہے۔

مرکزی رہنماء سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ مذاکرات کا طویل سلسلہ شدت پسندوں کو تقویت دینے اور منظم ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ طارق محبوب نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ملک کے استحکام امن اور مذہبی رواداری کو پروان چڑھانے کیلئے کوشاں ہے اور پاکستان کو بنانے والے پاکستان کو بچانے کیلئے میدان عمل میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی، بھارت اور اسرائیلی ایجنٹوں کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کی جانے والی بیرون اور اندرونی سازشوں کے خلاف محب وطن قوتوں کو ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلنا ہوگا جس کیلئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی کاوشیں اور جدوجہد عوام کی آواز بن چکی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button