پاکستان

کراچی، انچولی بم دھماکے اسلام دشمن عناصر کی کارروائی ہے، آئی ایس او پاکستان

isoامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے گذشتہ رات کراچی کے علاقے انچولی میں یکے بعد دیگرے ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں نے ایک بار پھر کراچی کو خون سے رنگین کر دیا ہے۔ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کی حرکت کے بعد خاموش ہوجائیں گے۔ المصطفٰی ہائوس لاہور سے جاری بیان کے مطابق آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں وہی عناصر شامل ہیں جنہوں نے عاشور کے موقع پر امام بارگاہوں، مساجد اور مقدسات کی بے حرمتی کی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ کل ملک بھر میں ہونے والے احتجاج جب پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے تو دشمن کو شکست نظر آرہی تھی کہ جس مقصد کے لیے یہ احتجاجات کیے گئے اُس میں تو ناکامی ہو رہی ہے جس پر کراچی کو نشانہ بنایا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ انچولی بم دھماکوں میں صرف شیعہ مسلمان ہی شہید نہیں ہوئے بلکہ اہلسنت برادران بھی شہید ہوئے ہیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے شہداء کے خانوادگان سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button