پاکستان

یوم القدس ایسا قدم ہے جو مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرو سکتا ہے، ثروت اعجاز قادری

sarwetسربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یہود نصاریٰ مسلم اُمہ کو بکھیر کر مسلم ممالک کے مقامات مقدسہ سمیت یہاں کے وسائل پر قابض ہونا چاہتے ہیں، یوم القدس سامراجی جارحیت کے خلاف ایک ایسا قدم ہے جو مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرو سکتا ہے، یوم القدس فلسطینیوں کی عظیم قربانی کو یاد دلاتا ہے جو اللہ عزوجل کے نام کی سر بلندی اور نظام محمد مصطفی ﷺ کے نفاذ کی کامیابی کیلئے طویل عرصے سے یہود و نصارٰی کے خلاف پر عزم اور پر استقامت جدوجہد کررہے ہیں، فلسطینیوں کی قربانیوں کو اسلام کی عظیم تاریخ سے نہیں مٹایا جاسکتا، آج ہمیں پھر اسلامی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے سلطان صلاح الدین ایوبی جیسے جرنیل اسلام کی ضرورت ہے جو امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پرو کر اسلام دشمن قوتوں سے مسلمانوں کا قبلہ اول اور مقامات مقدسہ کو آزاد کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم القدس کے موقع پر عالم اسلام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ یوم القدس منانے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم روایتی ریلیاں نکال کر اسلام کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والوں کو صرف خراج عقیدت پیش کرکے گھروں کو چلے جائیں، یوم القدس کا مقصد یہ ہے کہ ہم باحیثیت مسلمان آپس کے فروعی اختلافات کو بھلا کر ایک ایسی قوت بن جائیں کہ سامراجی قوتوں کا خم ٹھوک کر مقابلہ کرسکیں، یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم پوری دنیا کے مسلمانوں کو جدید علوم سے آراستہ کریں تاکہ جہالت کے اندھیروں کو مٹا کر ہمیشہ کیلئے لسانیت، عصبیت کو ختم کرکے ایک مسلم امہ کے تصور کو دنیا کے سامنے لاسکیں، یوم القدس کے عظیم دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم اقتصادی اور سماجی طور پر مضبوط ہوجائیں تاکہ صیہونی و سامراجی قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں اور اپنے عمل اور جدوجہد سے اسلام کے افکار کو پوری دنیا میں روشناس کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اتحاد یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی اور مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لئے آواز حق بلند کریگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button