پاکستان

ملک میں قتل عام جاری، حجت تمام کرچکے، صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے علامہ ساجد نقوی

sajid2ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر دہشت گردی کیخلاف آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، شیعہ علماء کونسل، جعفریہ یوتھ، جعفریہ اسٹوڈٹنس آرگنائزیشن سمیت دیگر تنظیموں کی احتجاجی ریلیاں، مظاہرے، عوام کو نئی حکومت سے بہت امیدیں وابستہ تھیں مگر افسوس کوئی ٹھوس پالیسی نہ بنائی جاسکی، ہر سانحہ کے بعد بلند و بانگ دعوے معمول بن چکے، یہ بات عیاں ہوچکی کہ حکمران بے بس ہیں اختیارات کہیں اور ہیں، صدر وزیراعظم سے لے کر نچلی سطح تک حجت تمام کرچکے، ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی کا اظہار خیال۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کے خلاف علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں یوم جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا اور خطبات جمعہ میں ملک میں جاری قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کے ساتھ ساتھ بھرپور احتجاج کیا گیا جبکہ بعد از نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے بھی کئے گئے۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہر سانحہ کے بعد بلند و بانگ دعوے معمول بن چکے ہیں مگر عملاً کچھ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ صرف مذمتی بیانات اور دعووں سے ثابت ہوگیا کہ اختیارات کہیں اور ہیں، حکمران بے بس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قتل عام جاری ہے، عوام کو حقائق سے آگاہ کیوں نہیں کیا جا رہا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ جب تک دہشتگردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات نہیں اُٹھائے جاتے اور دہشتگردی کو جڑ سے ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام کی جان و مال محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مساجد و امام بارگاہیں، دفاعی و تعلیمی ادارے، ججزز، ڈاکٹرز، صحافیوں سمیت بازار اور گلیاں حتٰی کہ مسافر بھی محفوظ نہیں۔ ریاست عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اور جاری قتل عام سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ملک پر عملاً دہشتگردوں کا راج ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ بارہا صدر و وزیراعظم سے لے کر چھوٹے چھوٹے اہلکار تک اپنی حجت تمام کرچکے اور قاتلوں کی نشاندہی بھی کی، مگر اس کے باوجود حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے انہیں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل، جعفریہ یوتھ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت بلتستان، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور، ساہیوال، اٹک، چکوال، بھکر، ملتان، گوجرانوالہ، لیہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں خطبات جمعۃ المبارک اور نماز جمعہ کے بعد شدید احتجاج کیا اور دہشتگردی کے واقعات کے خلاف قرارداد ہائے مذمت بھی منظور کی گئی۔

یوم احتجاج کے موقع پر شیعہ علماء کونسل کے سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، صوبائی صدور علامہ مظہر عباس علوی، علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ ناظر عباس تقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین میں ایک سازش کے تحت ملت تشیع کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، یہ نہ ہو کہ ہم خود فیصلہ کرنے پر مجبور ہو جائیں۔
…..

متعلقہ مضامین

Back to top button