پاکستان

علامہ محمد امین شہیدی سے شیخ رشید کی ملاقات، مجلس وحدت کے امیدوار کو اپنے حق میں دستبردار کروانے کی درخواست

shaheedi rasheedشیخ رشید نے این اے 55 میں مجلس وحدت کے امیدوار کو اپنے حق میں بیٹھانے کی درخواست کی، اس پر علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس کا فیصلہ سیاسی کونسل ہی کریگی۔
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے گذشتہ شب مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی سے وحدت سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور ملکی صورتحال سمیت آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل فدا حسین، مسرور نقوی، میڈیا کوآرڈینیٹر سید حسین زیدی، ایم ڈبلیو ایم کے این اے 55 کے نامزد امیدوار سعید رضوی اور این اے 48 کے نامزد امیدوار علامہ محمد اصغر عسکری  بھی موجود تھے۔ شیخ رشید نے علامہ محمد امین شہیدی سے این اے 55 میں مجلس وحدت کے امیدوار سعید الحسن رضوی کو اپنے حق میں بیٹھانے کی درخواست کی، اس پر علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس کا فیصلہ سیاسی کونسل ہی کریگی۔ علامہ امین شہیدی کا شیخ رشید سے کہنا تھا کہ حلقے کے عوام آپ سے ناراض ہیں۔ سانحہ کوئٹہ ہوا، سانحہ علمدار ہوا، سانحہ عباس ٹاؤں ہوا، اسی طرح گلگت کے واقعات ہوئے اور پاراچنار کا ایشو کھڑا ہوا، لیکن آپ کہیں پر نظر نہیں آئے۔ عوام آپ سے یہ توقع ہرگز نہیں کرتے تھے، یہی وجہ ہے کہ آپ کا ملت تشیع کے کسی بھی سانحہ پر دیئے گئے دھرنوں اور احتجاجات میں شرکت نہ کرنا اور اظہار ہمددی نہ کرنے سے عوام سخت نالاں ہیں۔ اس پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے اپنی اس غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ملت تشیع کو اس حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button