پاکستان

کراچی : شیعہ آبادی عباس ٹاون میں بم دھماکہ 26 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی

abbas town blastپاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شیعہ آبادی عباس ٹاون میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم 26 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکے اتوار کی شام ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع آبادی عباس ٹاؤن میں ہوئے ہیں۔

شیعیت نیو زکے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق دھماکا اقراء سٹی نامی رہائشی کمپلیکس کے قریب ہوا ہے اور یہ اس قدر شدید تھا کہ صرف اس سے فلیٹوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے بلکہ بالکونیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد چار سے چھ منزلہ عمارتوں کے چند فلیٹوں میں آگ بھی لگ گئی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ جائے وقوع پر پہنچی ہے۔
دھماکے کے بعد جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال، پٹیل ہسپتال اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جناح ہسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر سیمی جمالی کو بتایا ہے کہ ان کے ہسپتال میں دس لاشیں لائی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ پٹیل ہسپتال میں سات، آغا خان ہسپتال میں تین اور عباسی شہید ہسپتال میں دو لاشیں موجود ہیں۔
آغا خان ہسپتال کے پی آر او کے مطابق صرف ان کے پاس ستّر زخمیوں کو لایا گیا ہے جبکہ شہر کے دیگر ہسپتالوں میں زخمیوں کی تعداد چالیس سے زائد بتائی گئی ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم خان نے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ بم موٹر سائیکل میں نصب تھا لیکن اب شواہد بتا رہے ہیں کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا اور اس حملے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
ابتدائی طور پر علاقے میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اٹھارہ نومبر کو محرم الحرام کے دوران بھی عباس ٹاؤن میں ہی ایک دھماکا ہوا تھا جس میں دو افراد ہلاک اور رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت بیس زخمی ہو گئے تھے۔ اس وقت دھماکہ خیز مواد کو ایک موٹر سائیکل سے باندھ کر ریموٹ کنٹرول کی مدد سے دھماکا کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button