پاکستان

وحدت سے اسلامی مقدسات اور حرمتِ رسول اسلام ص کا دفاع کرسکتے ہیں اوردشمن کی سازشوں کوناکام بناسکتے ہیں مجلس وحدت مسلیمن

mwmflagعلامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب برادر اطہر عمران مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان علامہ توقیر حسین نمائندہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ نصرت شہانی نمائندہ جامعہ المنتظر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پست ترین انسانوں کی طرف سے اس کائنات کی مقدس ترین ہستی سرورِ دو عالم، سردارِ انبیاء،ختم المرسلین، حبیبِ خدا حضرت محمد مصطفی  ص کی بارگاہ میں جو توہین واہانت آمیز عمل انجام دیاگیا ہے اس سے تمام مسلمانوں کے دل زخمی ہیں،لیکن مقامِ شکر ہے کہ اُمت مسلمہ نے بے حسی کاثبوت نہیں دیا۔الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں سب سے پہلے اس ناپاک جسارت پربھر پور ردعمل کا اظہار کیا اورپاکستان کی سرزمین پرناموس رسالت کے نام پر پہلا شہید پیش کر کے ثابت کر دیاکہ فقہ جعفریہ ناموس رسالت پراپنی جان قربان کرنے کو حیات جاودانی سمجھتے ہیں۔آج ہمیں یہ سعادت بھی حاصل ہے کہ پاکستان میں تحریک بیداری امت مصطفی  ص کی تحریک کا آغاز کر کے امت مسلمہ کو ایک پرچم تلے جمع ہونے کا موقع دیا جس کی مثال آپ کے سامنے بیٹھی شخصیات ہیں۔
آج ضرورت ہے کہ ان سازشوں کو جوایک تسلسل کے تحت یہاں پہنچی ہیں فقط فلم بنانے والے پروڈیوسر اوراداکاروں کی مذمت تک محدود نہ رکھاجائے بلکہ اصل دشمن کی طرف متوجہ ہونا اوراس کا مقابلہ ضروری ہے۔
جیسا کہ ہم سب آگاہ ہیں کہ ان افسوسناک اورقابل مذمت اقدامات کا ذمہ دار امریکہ ہے اوراُس کی آلہ کارشیطانی طاقتیں ہیں،پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں اس بڑے شیطان کے خلاف شدید ترین نفرت موجود ہے تاہم اس نفرت کے باوجود ہمارا ملک امریکی چنگل میں گرفتار ہے ہماری حکومت، پاکستانی سرزمین کے سیاہ وسفید کامالک امریکہ بناہواہے،ہماری زمین،فضا اور سمندر سب پر قابض ہے۔ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر جس میں میڈیا کا بھی اہم کردار ہے امریکہ کے خلاف موجود نفرت سے استفادہ کرتے ہوئے قوم کو مقدساتِ اسلامی کی توہین اور اپنے پیارے رسول ص کہ جو ہمارے جان و مال سے کہیں زیادہ اہم ہیں اُن کی اہانت پر پوری قوم کو امریکہ کے خلاف متحد کریں۔
اوراس شرمناک اورقابل مذمت اقدام پرفقط احتجاج کی بجائے امریکہ اور اُس کے حواریوں کے خلاف تحریک کاآغاز کریں،یہی وہ راہ ہے جس سے ہم اصلی دشمن کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور اتحاد واخوت کی نعمت سے آراستہ ہوکر تمام اسلامی مقدسات اور حرمتِ رسول اسلام ص کا دفاع کرسکتے ہیں اوردشمن کی سازشوں کوناکام بناسکتے ہیں۔
اس اہم ترین مسئلہ اور سنگین صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے کہ اس کے پس پردہ دشمن کے بے نقاب کرکے اُس کے خلاف قوم کو متحد کیاجائے۔اسلامی مقدسات خصوصاً تکریم وعزت پیغمبر اسلام ص کے دفاع کی ذمہ داری ادا کریں تاکہ امریکہ اوراستعمار کے چنگل سے اپنی سرزمین اورملک کوآزاد کراسکیں۔ملتِ اسلامیہ کی چند تنظیموں اوربعض علمائے وزعماء کے ساتھ مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ایسے وقت میں جب دشمن اور ہمارے حکمران رسمی احتجاج کو سردخانے کی نظر کرنے کے متمنی ہیں،ایک بھرپور تحریک کاآغاز کیاجائے۔جس کے پہلے مرحلہ میں پاکستان کے دل لاہور میں ایک عظیم الشان اجتماع بعنوان’’اجتماعِ اُمت رسول اللہ ص‘‘ کے عنوان سے منعقد کیاجارہاہے جس میں تمام اسلامی مسالک، مدارس، تنظیموں، شخصیات، علماء وزعماء،طلاب اور ملت پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے یہ اجتماع 7اکتوبر بروز اتوار صبح 10بجے ناصر باغ لاہور میں منعقد ہوگا،اس کے آخر پر اُخوتِ بین المسلمین اور برا ء ت از مشرکین ریلی کااہتمام کیا جائے گا جوکہ ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ہوگی۔
ہم اس پہلے مرحلے میں پنجاب اور سرحد کے غیور مسلمانوں سے تاریخ ساز شرکت کیلئے ملتمس ہیں،آزاد میڈیا اس سلسلے میں اپنا کردار ضرور اداکرے،مرد وخواتین وبچوں کی اس تحریک کو’’تحریک بیدارئ اُمت مصطفی ص‘‘ سے منسوب کیاگیاہے۔
ہم مقامی انتظامیہ اور پنجاب حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ اس پرشکوہ،باوقار وباعظمت اجتماع میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کرے گی اوراہم ترین مسئلہ میں ضروری تعاون کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button