پاکستان

شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو پارلیمنٹ، جی ایچ کیو اور سپریم کورٹ کا گھیراؤ کرینگے، علامہ احمد اقبال رضوی

molana ahmed iqbalمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا، پاکستان بھر کی تمام مساجد میں آئمہ جمعہ نے ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت اور حکمرانوں سمیت اعلٰی عدلیہ کی بےحسی پر احتجاج کیا گیا۔ لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ سانحہ بابوسر اور یوم القدس کراچی کے ملزموں کی عدم گرفتاری نے شیعہ قوم کے غم و غصے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران فقط میڈیا پر بیان بازی کے سوا کچھ نہیں کر رہے، حکمرانوں کی اس بےحسی سے کربلا کے راہیوں کو راست اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے ورنہ یہ قوم دنیا میں واحد قوم ہے جو بڑے سے بڑے شیطان کو زیر کرچکی ہے اور وطن عزیز کی سالمیت کے درپے ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو سبق سکھانا بھی جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین پاکستان اور قانون کے خلاف کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اگر شیعہ قوم انتقام پر اتر آئے تو مختار ثقفی کے کردار سے تاریخ واقف ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی خاموشی کو بھی معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا بات بات پر سوموٹو ایکشن لینے والے چیف جسٹس نے اپنے منصب کو داغ دار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو تحفظ اور بانیان پاکستان کے قتل عام پر خاموشی چیف جسٹس کے دہرے معیار کو ثابت کرتی ہے۔ انہوں نے اعلٰی عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نظام عدل کو داغدار مت بناؤ، یہ نہ ہو کہ مظلوموں کے ہاتھ عدل کے رکھوالوں کے گریبان تک پہنچ جائیں۔

نماز جمعہ کے بعد سمن آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہر ے میں متفقہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ بابو سر، سانحہ چلاس، کوہستان پر ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ستمبر سے پہلے ان سانحات کے پس پردہ حقائق بےنقاب اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور کوہستان اور چلاس میں فوجی آپریشن کے اعلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ شاہراہ قراقرم کو مکمل طور پر فوج کے حوالے کر دیا جائے اور گلگت بلتستان کے عوام کیلئے پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کی جائے۔

مظاہرین نے مزید قراردادوں میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ القدس کراچی کی ایف آئی آر امریکن قونصلیٹ کے خلاف درج کی جائے اور کراچی میں جاری فسادات کی جڑ امریکی اہلکاروں کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔ مظاہرین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں امریکی اہلکاروں کی نقل و حمل پر بھی مکمل پابندی عائد جائے اور کوئٹہ میں ہزارہ قوم کے افراد کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے بلوچستان کی ڈوبتی کشتی کو بچایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button