پاکستان

امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ زندہ و جاوید۔۔پاکستان بھر میں اجتماعات

 

Ayatollah-Khomeini_2دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید روح اللہ موسوی امام خمینی کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے مختلف شیعہ تنظیموں بشمول پیام ولایت،پیروان ولایت،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،امامیہ آرگنائزیشن،جعفریہ الائنس پاکستان،مجلس وحدت مسلمین ،اصغریہ آرگنائزیشن،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،بقیۃ اللہ اور دیگر کی جانب سے تعزیتی اجتماعات اور سیمینار ز کا انعقاد جاری ہے ۔
شیعت نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ،لاہور،پشاور،اور دیگر بڑے شہروں میں گذشتہ روز رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے مجالس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ،مجالس اور سیمینارز سے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام،اسکالرزکے علاوہ دانشوروں نے خطاب کیا اور حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات پر آپ کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا،جبکہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اکیسویں برسی کے اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت رہی جس میں جوانوں اور بزرگوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعد اد بھی شرکت کرتی رہی۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے گذشتہ روز اسلامک ریسرچ سینٹر میں سیمینار منعقد کیا گیا ،سیمینار کا انعقاد ولی العصر آرگنائزیشن نے کیا جس میں سینکڑوں مرد وکوتین نے شرکت کی جبکہ سیمینار سے خطابت حجۃ الاسلام سید جواد نقوی نے کی۔
شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ٥ جون کو کراچی کے علاقے خراسان میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے مرکزی اجتماع منعقد کیا جائے گا ،اجتماع کا انعقاد شہر کی مختلف شیعہ تنظیموں بشمول امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،امامیہ آرگنائیزیشن،اصغریہ آرگنائزیشن،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،جعفریہ الائنس پاکستان،مجلس وحدت مسلمین ،دستہ استقبال امام زمانہ (عج فرجہ)،ھئیت آئمہ مساجد کے علاوہ دیگر شیعہ انجمنوں کی جانب سے کیا گیا ہے،اجتماع میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور بالخصوص تہران یونیورسٹی کے معروف اسکالر ڈاکٹر عباس علی،حجۃ الاسلام شیخ حسن صلاح الدین،مولانا علی مرتضی زیدی،مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی اور معروف عالم دین مولانا امداد حسین شجاعی اور دیگر خطاب کریں گے ،جبکہ شہر بھر کے معروف نوحہ خواں اور منقبت خواں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔واضح رہے کہ شہر بھر کی مساجد اور علاقوں سے مختلف تنظیموں کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے بسوں کو انتظام بھی کیا گیا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button