غزہ پر اسرائیل کی دوبارہ بمباری شروع پانچ فلسطینی شہید

صیہونی فوج نے اس ناجائز حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے حکم پر قاہرہ میں جنگ بندی کے مذاکرات ختم کر کے غزہ پٹی پر دوبارہ حملے شروع کر دیے ہیں۔ الاقصی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگي طیاروں نے منگل کی شام چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جبالیا، شیخ رضوان اور بیت لاہیا کے علاقوں پر بمباری کی ہے۔ اس ہوائی حملے میں پانچ فلسطینی منجملہ ایک خاتون اور ایک بچہ شہید ہوگيا ہے۔فرانس پریس نے بھی خبر دی ہے کہ صیہونی وزیراعظم نے اپنے مذاکراتی وفد کو قاہرہ میں فلسطینی گروہوں کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات ختم کر کے اسرائیل واپس آنے کا حکم دیا ہے۔ فلسطینی مذاکراتی وفد کے سربراہ عزام الاحمد نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر یہ مذاکرات ناکام ہوئے تو جھڑپیں دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں۔








