مقبوضہ فلسطین

صہیونی جارحیت کی مذمت کا سلسلہ بدستور جاری

maaaغزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ہمارے نمائندے نے قاہرہ سے جرمن خبررساں ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مصر کی وزارت خاجہ نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کر کے غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کو غیر ذمےدارانہ اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اس بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کی روک تھام کے لۓ فوری طور پر قدم اٹھائے۔ مصر کی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی فوج کے حملوں کے عام شہریوں کے لۓ منفی نتائج برآمد ہوں گے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لۓ امن مذاکرات شروع کۓ جانے کا موقع ہاتھ سے نکل جائے گا۔ مصر کی نور پارٹی نے بھی ایک بیان جاری کر کے غزہ پٹی کے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کو وحشیانہ اقدام سے تعبیر کیا ہے۔ نور پارٹی کےبیان میں آیا ہےکہ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں سے اس حکومت کی ظالمانہ ماہیت کھل کر سامنے آگئي ہے۔ مراکش نے بھی کل ایک بیان جاری کر کے غزہ پٹی پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ مراکش کی وزارت خارجہ نے کل ایک بیان جاری کیا جس میں غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئي ہے۔ اس بیان میں صیہونی حکومت کے ان حملوں کو وحشیانہ حملے قرار دیا گيا ہے۔ یونان کے وزیر خارجہ انگلوس ونیز لوس (Evangelos Venizelos) نے بھی غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے بہیمانہ حملوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ یونان کے سیکڑوں شہریوں نے کل قدس کی غاصب حکومت کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کرکے غزہ پٹی میں صیہونیوں کے مظالم کی مذمت کی۔ مظاہرین نے صیہونیوں کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ یمن اور کویت کے مختلف شہروں میں بھی فلسطین کی مظلوم ملت کے حامیوں نے جلوس نکال کر غزہ پٹی پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button