ایک سو یہودی شرپسند صہیونی پولیس فوج کی نگرانی میں مسجد اقصیٰ میں داخل

مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے داخلے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ سامنے آیا ہے۔ پچھلے کچھ ہفتوں سے انتہا پسند یہودی آباد صہیونی سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں مسجد اقصیٰ کی حرمت پامال کر رہے ہیں۔ منگل کے روز کم سے کم ایک سو شرپسند یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں اس وقت داخل ہوکر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جب مسجد کے صحن اور اس کےمرکزی دروازے کے باہر صہیونی پولیس اہلکار فوجی متمرکز تھے۔
تقریب نیوز (تنا): ذرائع کے مطابق اقصیٰ فاؤنڈیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ منگل کے روز 100 شر پسند یہودی مسجد اقصیٰ میں صہیونی پولیس اور فوج کی نگرانی میں داخل ہوئے اور مسجد کے اندر موجود نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جواب مں فلسطینی شہریوں نے بھی صہیونیوں کی مزاحمت کی اور انہیں مسجد کے ہال سے باہر نکال دیا، تاہم غاصب یہودیوں کے حملوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوگئے۔ یہودیوں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی روکنے کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی شہری کو صہیونی پولیس نے حراست میں بھی لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز بھی سیکڑوں یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر تلمودی تعلیمات کے مطابق رسومات ادا کی تھیں۔ یہ انتہا پسند یہودی مسجد اقصیٰ کی بیرونی دیواروں پر مسلمانوں کےخلاف اشتعال انگیز نعرے لکھتے بھی پکڑے گئے ہیں لیکن صہیونی سیکیورٹی ادارے شرپسندوں کو نہ صرف روکنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی بھی کر رہے ہیں۔






