امریکہ میں حکومت بدلنے سے ایران کے خلاف پالیسی نہیں بدلتی، آیت اللہ حسینی بوشہری
آیت اللہ حسینی بوشہری
شیعیت نیوز : قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبوں سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے کہا ہے کہ یوم اللہ 13 آبان کی ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ انقلاب اسلامی اور موجودہ و شہید رہبر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ کی عوامی مزاحمت نے دشمن کو واضح شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ خود امریکی حلقے اعتراف کر رہے ہیں کہ اگر ایران کے ساتھ محاذ آرائی نہ ہوتی تو ڈونلڈ ٹرمپ کو اس قدر بڑی اور مسلسل شکستوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا، آج امریکہ میں اس ہزیمت کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : استقامت نے ستمگر کو اپنے ہی گھر میں ذلیل کر دیا، نجات مزاحمت میں ہے، علامہ سید جواد نقوی
آیت اللہ حسینی بوشہری نے شہید رہبر کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ میں ڈیموکریٹس آئیں یا ریپبلکنز، ایران کے خلاف ان کی بنیادی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، اس لیے ڈیموکریٹس کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے رہبر معظم کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سلامتی کے دفاع میں جغرافیائی حدود کو رکاوٹ نہیں سمجھتا۔ خطیبِ جمعہ نے ایران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط (پابندیوں کا خاتمہ، اثاثوں کی واپسی، امریکی انخلا وغیرہ) کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دشمن ان کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوگا۔ آخر میں انہوں نے ایامِ فاطمیہ کی مجالس کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے تقویٰ اور شیطانی وسوسوں سے بچنے کی تاکید کی۔







