حزب اللہ لبنان، دہشتگردانہ بم دھماکوں کی مذمت
ذرائع کے مطابق حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں شہر ہرمل میں نئي تکفیری دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے یہ واقعات، اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشتگردی سے تمام لبنانیوں کوخطرہ لاحق ہے۔ اس بیان میں کہا گيا ہے کہ دہشتگرد انسانیت سوز کاروائيوں کے لئے بہانے کی تلاش میں رہتے ہیں کیونکہ ان کا ہدف قتل وغارت ہی ہوتا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے تمام پارٹیوں اور گروہوں سے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان میں دہشتگردی کا سد باب کرنے کےلئے انہیں دہشتگردانہ واقعات سے پہلے گرفتار کرلیا جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز شہر ہرمل کے پل عاصی پرتکفیری دہشتگردوں نے بم دھماکے کئے تھے جن میں تین افراد جاں بحق اور سترہ زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر لبنان کی فریڈم پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ ان کی پارٹی کے مستحکم تعلقات جاری رہیں گے۔ جنرل میشل عون نے کہا کہ سارے لبنانی، صہیونی ریاست کی جارحیت اور دہشتگردی کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے لبنان میں حالات پر قابو رکھنے اور دہشتگردی کا سد باب کرنے کےلئے کہا کہ سرحدوں کو کنٹرول کرنے کا بہترین راستہ، ہیلی کاپٹروں کا استعمال ہے۔