لبنان

اسرائیل نے حملہ کیا تو ایران امریکی اڈوں کو نشانہ بناسکتا ہے:حسن نصراللہ

syed hasan nasrullaلبنان کی حزب اللہ ملیشیا کے سربراہ شیخ حسن نصراللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کے ردعمل میں ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

شیخ حسن نصراللہ نے بیروت سے نشریات پیش کرنے والے ایک ٹی وی چینل سے انٹرویو میں کہا کہ ”حملے کا جواب دینے کے لیے فیصلہ کر لیا گیا ہے اور یہ ردعمل بہت ہی شدید ہوگا”۔

انھوں نے کہا کہ ردعمل صرف اسرائیلی علاقے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے خطے میں موجود امریکی اڈے ایران کا ہدف ہوسکتے ہیں۔انھوں نے ایرانی عہدے دار سے ملنے والی معلومات کے حوالے سے کہا کہ ”اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو اس کی ذمے داری امریکا پر عاید ہوگی”۔

حزب اللہ کے لیڈر نے اپنی جماعت کے پاس کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کی بھی تردید کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس کیمیائی ہتھیار نہیں بلکہ ہم انھیں شریعت اور انسانی وجوہ کی بنا پر استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی کے آخر میں اسرائیل کے متعدد عہدے داروں نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی حزب اللہ کو منتقلی پر انتباہ کیا تھا۔تب شامی حکومت نے پہلی مرتبہ اپنے پاس کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا اور یہ دھمکی دی تھی کہ شام میں بیرونی فوجی مداخلت کی صورت میں ان ہتھیاروں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

شیخ حسن نصر اللہ نے اپنے اس انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ لبنان پر دشمن کے حملے کی صورت میں حزب اللہ اس کا دفاع نہیں کرے گی بلکہ شمالی اسرائیل میں واقع وادی جلیل میں داخل ہوجائے گی۔

گذشتہ ہفتے اسرائیل کے جنگ پسند وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حزب اللہ کی اشتعال انگیزی کی صورت میں لبنان پر حملے کی دھمکی دی تھی۔گذشتہ اتوارکو انھوں نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ دنیا ایران کو اس کے جوہری پروگرام کے معاملے میں کوئی واضح ”ریڈلائن” دینے میں ناکام رہی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے نے کہا کہ ”میرے خیال میں ہمیں سچ بولنا چاہیے۔عالمی برادری ایران کے لیے کوئی سرخ لکیر کھینچنے میں ناکام رہی ہے اور اسی وجہ سے اس نے اپنے جوہری پروگرام پر کام جاری رکھا ہوا ہے”۔

ایران کے خلاف جنگ کی وکالت کرنے والے نیتن یاہو نے کہا کہ ”ایران کو جوہری پروگرام پر پیش رفت سے باز رکھنے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے پختہ عزم کا اظہار نہیں کیا گیا”۔انھوں نے کہا کہ ایران کو ہرگز بھی جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button