افغانستان، حامد کرزئی کا ایکبار پھر پاکستان پر الزام

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے ایک بار پھر اپنے ملک میں ہونے والے حالیہ حملوں کا ذمہ دار، پاکستان اور اس ملک کی سیکیورٹی ایجنسیوں کو قرار دیا ہے۔ افغان صدارتی ترجمان کے حوالے سے ذرائع کے مطابق افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلیفون پرگفتگو میں پاکستان کی آئی ایس آئی پر براہ راست الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران کابل پر ہونے والے حملوں میں سرحد پار کی انٹیلی جنس ایجنسیاں ملوث رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان کی حکومت کمزور کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ افغان طالبان، کابل حکومت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان روڑے اٹکا رہا ہے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے متنبہ بھی کیا کہ اگر امریکا، پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت جاری رکھی تو افغانستان اور امریکا تعلقات خراب ہو جائیں گے۔افغانستان کے صدر کی جانب سے پاکستان پر یہ الزام ایک ایسے وقت میں عائد کیا گيا ہے کہ پاکستان میں حکومت اور طالبان گروہ کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے اور اس ملک میں فریقین کی جانب سے مذاکرات کامیاب ہونے کی امید جتائی جارہی ہے








