

کربلائے معلی میں آٹھ محرم کی رات لاکھوں عزاداروں اور زائرین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علیھما السلام کے روضوں اور بین الحرمین میں عزاداری اور سینہ زنی میں گزاری۔ ہمارے نمائندوں کی رپورٹ کے مطابق نو محرم کو صبح سے ماتمی دستوں اور جلوسھائے عزا کا سلسلہ شروع ہوا جو اس وقت بھی جاری ہے۔ حضرت سید الشہدا امام حسین علیہ السلام
اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضے زائرین اور سوگواروں سے مملو ہیں اور ماتمی دستے اور بین الحرمین میں سینہ زنی اور نوحہ خوانی میں مصروف ہیں۔ اسی کے ساتھ عراق کے مختلف شہروں سے پیدل کربلاجانے والے سوگواروں کے کاروان بھی کربلا پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ہمارے نمائندوں کی رپورٹ کے مطابق پیدل کربلا معلی آنے والے کاروانوں میں عورتیں مرد، بوڑھے جواں حتی کمسن بچے بھی شامل ہیں ہرسال نو اور دس محرم کو دسیوں لاکھ عراقی پیدل کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔ اس کےعلاوہ ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے کئي لاکھ زائرین بھی عاشورا میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جاتےہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام شہروں اور قریوں میں بھی نومحرم کی عزاداری روایتی شان و شوکت سے جاری ہے۔، مشہد مقدس میں آٹھ محرم کی رات لاکھوں عزاداروں اور ملکی و غیر ملکی زائرین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ اسلام کے روضہ اقدس میں گزاری اور صبح سے شہر اور اطراف سے ماتمی دستوں کا روضہ مبارک میں آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مذہبی شہر قم میں بھی حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کا روضہ اطہر سوگواروں سے مملو ہے۔ یہاں بھی ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت تہران کے تمام عزاخانوں، مساجد، اور مقدس مقامات پر عزاداری کا سلسلہ جاری ہے نو محرم کو شہر کے مختلف مراکز میں جلوسہاے عزا برآمد ہوئے۔ ایران میں نومحرم کی مجالس عزا میں خطبا اور شعرا علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ الصلاۃ و السلام کے فضائل و مصائب بیان کرتےہیں اور ماتمی دستوں میں بھی خاص طور سے علمدار کربلا کے نوحے پڑھے جاتے ہیں۔ ادھر ہندوستان اور پاکستان میں بھی نو محرم کی مناسبت سے روایتی جلوسہائے عزا برامد ہوئے۔ شام اور لبنان میں بھی بھر پور طرح سے عزاداری سید الشہداعلیہ السلام جاری ہے۔