بحرین کے مختلف علاقوں میں مظاہرے
بحرین کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے دن سے تقدیر کا فیصلہ تین کے زیر عنوان مظاہرے جاری ہیں جو دینی مراجع ، مختلف سیاسی گروہوں اور چودہ فروری کی انقلابی تحریک کے حامیوں کی دعوت پر ہورہے ہیں ۔ اتوار کے دن تقدیر کا فیصلہ تین کے زیر عنوان منامہ کے گرد ونواح کے دیہی علاقوں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف زبردست عوامی مظاہرہ ہوا ۔ مظاہرین شہر منامہ میں داخل ہونا چاہتے تھے کہ بحرین کی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے ،صوتی بم پینکھے اور گولیاں چلائیں ۔
بحرین کی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو دارالحکومت منامہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے آج صبح سے منامہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر فورسز کی تعداد میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ بحرین میں جزیرہ سترہ کے مختلف خاص طورپر مہزہ اور سفالہ کے علاقوں میں گذشتہ روز عصر کے وقت زبر دست مظاہرے ہوئے ۔ مظاہرین نے شاہ بحرین شیخ حمد بن عیسی کی سرنگونی پر تاکید کی۔سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر زہریلی گیس اور گولیاں چلائیں ۔ گذشتہ جمعہ کو بھی بحرین کے مختلف علاقوں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف بحرینی عوام نے زبردست مظاہرہ کیا ، سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو سرکوب کیا جس کے نتیجہ میں بہت سے افراد زخمی ہوگئے ۔ بحرینی حکام عوام کے درمیان قومی ،مذھبی اور قبائیلی جنگ چھیڑنا چاہتے ہیں ۔ ان وجوہات کے پیش نظر بحرین کی الاصالہ تحریک کے ایک رکن نے حالیہ دنوں میں یہ دعوی کیا ہے کہ بحرین میں عوامی تحریک کوالقاعدہ دہشت گرد تنظیم کا سامنا ہوگا ،
ڈیمو کریٹک ملی جمعیت کے جنرل سکریٹری فاضل عباس نے ان تفرقہ انگیز بیانات کے خطرناک نتائج کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے بیانات بحرین میں ایک طرح کی قومی اور قبائلی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے اس لئے لوگوں کو اس طرح کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ فاضل عباس نے آل خلیفہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس طرح کے تفرقہ انگیز اور قومی اور قبائیلی جنگ سے متعلق بیانات کے مقابلے میں رد عمل کیوں نہیں دکھاتی ۔ بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے جاری ہیں ، لیکن عوامی مظاہروں کو بحرین کی سیکورٹی فورسز آل سعود کے غاصب فوجیوں کی تشدد آمیز کاروائیوں کا سامنا ہے ۔جس کے سبب آل خلیفہ حکومت کے خلاف لوگوں کے پرامن مظاہروں میں مزید شدت آگئی اور مظاہروں میں روزبروزاضافہ ہوتا چلاگیا جس کا تسلسل اب بھی جاری ہے ۔